دنیا
22 دسمبر ، 2014

اسپین :کرسمس اور قائد اعظم ڈے کی سالانہ تقریب سانحہ پشاور کے سوگ میں منسوخ

اسپین :کرسمس اور قائد اعظم ڈے کی سالانہ تقریب سانحہ پشاور کے سوگ میں منسوخ

بارسلونا......شفقت علی رضا......اسپین میں مقیم پاکستانی کرسچن اور مسلم کمیونٹی نے سانحہ پشاور کے سوگ میں کرسمس اور قائد اعظم ڈے پر ہونے والی کیک کاٹنے کی سالانہ تقریب کو منسوخ کرکے اسے شہدائے پشاور کے لئے دعائیہ تقریب میں تبدیل کر دیا۔پاکستان اقلیتی پریم پارٹی اور’’ کاسال ایسوسی ایشن‘‘ کے زیر اہتمام منائی جانے والی کرسمس اور قائد اعظم ڈے کی سالانہ تقریب کو سانحہ پشاور کے سوگ میں منسوخ کر کے اسے شہدائے پشاور کے لئے دعائیہ تقریب میں تبدیل کر دیا گیا۔تقریب کے عنوان ’’قائد اعظم کا پاکستان اور سانحہ پشاور‘‘ پر شرکاء نے خطاب کیا ۔شہید بچوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کے لئے شمعیں روشن اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعاء کے ساتھ ساتھ پشاور میں ہونے والی دہشت گردی کی پر زور الفاظ میں مذمت کی گئی۔دعائیہ تقریب میں اسپین کی تمام سیاسی ، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی ۔مسلم لیگ ن کے میاں عمران ساجد ،کاسال ایسوسی ایشن کے صدر حافظ عبدالرزاق صادق ،ٖغفور قریشی ،عوامی تحریک کے اقبال چوہدری ، کشمیری کمیونٹی کے نمائندہ راجہ ناظر خان ،شاہین ملک ،تحریک انصاف کے طارق رفیق بھٹی ،پیپلز پارٹی کے ساجد گوندل اور عمر فاروق رانجھا ،اقلیتی پریم پارٹی کے روبن کھوکھر ،حق نواز چوہدری ،مذہبی اسکالر اورمحقق سہیل حیدر ،راجہ غیور عباس عرف ٹیپو اور ایس اے رضا ،چوہدری جاوید اقبال اورچوہدری شرافت علی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے بنائے ہوئے پاکستان کی موجودہ صورت حال پر روشنی ڈالی ۔مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی اور امن و امان کی خراب صورت حال کے ذمہ دار ہم خود ہیں ہمیں اتفاق و اتحاد کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کا قرآنی فرمان یاد رکھنے کی ضرورت ہے ۔جب تک ہم مختلف گروہوں میں بٹے رہیں گے تب تک ہم دہشت گردی سے محفوظ نہیں رہ سکتے لیکن اگر ہم منظم اور متحد ہو جائیں تو دہشت گرد تو کیا کوئی ہمارے بچوں یا ہمارے ملک کی طرف میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا ۔مقررین نے کہا کہ سانحہ پشاورنے دنیا بھر کی اقوام اور مذاہب کے پیروکاروں کو دہلا کر رکھ دیا ہے تمام مذاہب کو ماننے والوں نے اس سانحہ کا سوگ منایا ہے جو انسانیت سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ تقریب کے اختتام پر قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی روح کے ایصال ثواب سانحہ پشاور کے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا ہونے کے لئے منہاج القرآن ا سپین کے محمد اقبال چوہدری نے دعا کرائی ۔

مزید خبریں :