دنیا
23 دسمبر ، 2014

بارسلونا کے تین شہری ’’آئی ایس آئی ایس ‘‘ سے تعلق کے شبہ میں گرفتار

بارسلونا کے تین شہری ’’آئی ایس آئی ایس ‘‘ سے تعلق کے شبہ میں گرفتار

بارسلونا........شفقت علی رضا........اسپین کے سب سے بڑے صوبے کاتالونیہ کے دارلحکومت بارسلونا کے تین شہریوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ،جن کے بارے میں شبہ ہے کہ انہوں نے دہشت گرد تنظیم ’’آئی ایس آئی ایس ‘‘ میں شمولیت اختیار کر لی ہے ۔تفصیلات کے مطابق اسپین کے شہر بارسلونا کے تین شہریوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا جو دہشت گرد تنظیم ’’آئی ایس آئی ایس ‘‘(امارات اسلامیہ ) کے رکن ہیں ۔ان تین افراد کو بلغاریہ میں گرفتار کیا گیا جہاں وہ کار کے ذریعے سفر کر رہے تھے اور شام جانا چاہتے تھے ۔گرفتار افراد میں سے دو کا تعلق مراکش اور ایک کا برازیل سے ہے لیکن اب وہ بارسلونا کے رہائشی بن چکے ہیں ۔اس بات کا اعلان کاتالان وزیر داخلہ رامون اسپادلیر نے کیا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ کاتالونیہ سے تعلق سے رکھنے والے 20 افراد باقاعدہ طور پر دہشت گرد تنظیم ’’آئی ایس آئی ایس ‘‘ کے ممبر بن چکے ہیں اور وہ رواں سال کے آغاز پر مشرق وسطیٰ پہنچ چکے ہیں ۔کاتالان پولیس موسس دے اسکودرا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جن تین افراد کو گرفتار کیا گیاہے انکی عمریں 18 سے 27سال تک ہیںاور ان کی نگرانی رواں سال جون سے جاری تھی جب انہوں نے بذریعہ انٹر نیٹ دہشت گرد تنظیم سے رابطہ کیا تھا اور شمولیت کے پیغام ارسال کئے تھے ۔کاتالونیہ کے صوبائی وزیر داخلہ نے ملزمان کی گرفتاری کے ضمن میں بین الاقوامی تعاون کا شکریہ ادا کیا ہے ۔تینوں گرفتار افراد فی الحال بلغاریہ کی حراست میں ہیں اور انہیں عدالتی حکم کے بعد اسپین لایا جائیگا اور یہاں کی عدالت میں پیش کرکے ان کے خلاف کارروائی آگے بڑھے گی ۔

مزید خبریں :