30 دسمبر ، 2014
کراچی.....جیو کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ جیو انٹرٹینمنٹ کے مارننگ شو صبح پاکستان کے 22دسمبر کو ہونے والے پروگرام میں ایک مہمان کے جملے نشر ہو گئے، جس سے ہمارے کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی ہوئی ، براہ راست پروگرام میں ہجوم کو کنٹرول کرنا اکثر مشکل ہوتا ہے اور مہمان اپنے ذہن کے مطابق بولتے ہیں، جیو ہمیشہ تحمل و برداشت پر قائم ہے کہ اس کا نعرہ ہے جیو اور جینے دو، جیو نے ہمیشہ مختلف مسالک و مذاہب کے درمیان مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے اور ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کےلیے آواز بلند کی ہے جو اسلام اور ہمارے آئین نے دیے ہیں، ترجمان کا کہنا ہے کہ جیو کے قواعد و ضوابط، جیو ، ٹی وی / اصول، پیمرا قوانین اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ ہیں جو جیو میڈیا پلیٹ فارم کو اسلام کے نام پر یا کسی اور طرح عموماً اور اقلیتوں کے خلاف خصوصاً تشدد پر اکسانے یا کسی کے خلاف نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دیتے، ترجمان نے عزم کا اظہارکیا کہ جیو ہر قیمت پر ان اقدار کو برقرار اور قائم رکھے گا، جیو خود مذہب کے غلط استعمال کا شکار ہے اور اس کی ٹیم کے کئی ارکان کو خطرات کا سامنا ہے، ترجمان نے کہا کہ ادارہ ہر ایسے مواد پر معذرت خواہ ہے جس سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو اور ادارتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلیے ایسے معاملات کاجائزہ لے گی۔