دنیا
01 جنوری ، 2015

اسپین میں بھی 2015 کی آمد پر شاندار آتش بازی

اسپین میں بھی 2015 کی آمد پر شاندار آتش بازی

بارسلونا......شفقت علی رضا......دنیا بھر کی طرح ا سپین کے دارلحکومت میڈریڈ کے ساتھ مختلف شہروں ویلنسیا ،لگرونیو ، علی کانتے ، سیچس، طرطوسہ ، تراسا ،مانریسا ،تاراگونا ،ثارا غوثا ، مالا گاہ ، سیویا، بلباو ،مرثیا ، غرناطہ ، قرطبہ وٹوریہ میں نئے سال کی آمد پر زبردست آتش بازی اور فضا ء میں غبارے چھوڑ کر آنے والے دنوں کے لئے دعائیں کی گئیں ۔اسپین میں نئے سال کی آمد کی سب سے بڑی تقریب کا اہتمام بارسلونا میں کیا گیا تھا جہاں آتش بازی کی گئی ، ڈانسنگ فاونٹینز کا شاندار مظاہرہ اور پرندوں کے ساتھ فضاء میں غبارے بھی چھوڑے گئے ۔بارسلونا کے معروف چوک پلاثا کاتالونیا اور پلاثا اسپانیہ میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ ہوا ۔پلاثا کاتالونیا میں لگے ہوئے دیو ہیکل ٹائم پیس پر جب بارہ بجے تو وہاں جمع لاکھوں افراد نے نہ سمجھ میں آنے والے نعرے لگائے اور شور و غوغا کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کرتے اور ایک دوسرے کو گلے مل کر نئے سال کی مبارک دیتے رہے ۔کچھ منچلوں نے بڑے بڑے بحری جہاز کرائے پر لے کر سمندر کے بیچوں بیچ کھڑے کرکے انہیں خوبصورت قمقموں سے سجاکر پارٹیوں کا اہتمام کیا ۔پلاثا کاتالونیا ، پلاثا اسپانیہ اور بارسلونا کے سمندر کنارے ’’پلائیہ ‘‘ پر ہزاروں افراد شام ہوتے ہی جمع ہونے شروع ہو گئے تھے جہاں نوجوانوں نے میوزک کا انتظام کیا تھا جس پر وہ ڈانس کرتے رہے ۔دوسری طرف پاکستانی کمیونٹی کی نوجوان نسل کواسلامی کلچر سے قریب کرنے کے لئے ادارہ منہاج القرآن اور دعوت اسلامی نے بارسلونا کی مساجد میں ہر سال کی طرح اس بار بھی عبادت کا اہتمام کیا تھا جہاں پاکستانی نوجوان رات بھر نوافل بھی ادا کرتے رہے ۔

مزید خبریں :