27 اپریل ، 2012
اسلام آباد … صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ امریکا سلالہ حملوں میں ملوث عناصر تک پہنچنے میں مدد کرے، ہمیشہ سے موٴقف رہا کہ ڈرون حملے بے سود ہیں، انسداد دہشتگردی میں پاکستان کے تعاون کیلئے عدم اعتماد دور کرنا ہوگا۔ صدر زرداری نے ان خیالات کا اظہار پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی مارک گراسمین سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاہمیشہ سے موٴقف رہا کہ ڈرون حملے بے سود ہیں، انسداد دہشتگردی میں پاکستان کے تعاون کیلئے عدم اعتماد دور کرنا ہوگا،ڈرون حملوں میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت سے مشکلات بڑھتی ہیں، ڈرون حملوں کے متبادل کیلئے پاکستان اور امریکا نیا مکینزم تیار کریں۔ صدر مملکت کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن اور القاعدہ کی مکمل شکست پاکستان اور امریکا کے مفاد میں ہے، عالمی برادری کو پاکستان کی خدمات اور وسائل کیلئے مالی و اقتصادی قیمت ادا کرنا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا سلالہ حملوں میں ملوث عناصر تک پہنچنے میں مدد کرے، پاکستان ہر سطح پر از سر نو تعلقات پارلیمانی سفارشات کی روشنی میں چاہتا ہے، امریکا کو چاہئے کہ پاکستانی پارلیمنٹ کا احترام کرے۔ امریکی نمائندہ خصوصی مارک گراسمین نے صدر سے ملاقات میں کہا ہے کہ امریکا نے تعلقات کے جائزے کیلئے پارلیمانی عمل کا احترام کیا، پاکستان کے ساتھ مل کر چلنا چاہتے ہیں۔