کاروبار
27 اپریل ، 2012

اوباڑو: باردانہ نہ ملنے پر کاشتکاروں کا احتجاج، فوڈ انسپکٹر نے گندم خریدنا شروع کردی

اوباڑو … اوباڑو میں فوڈ انسپکٹر نے خالی بار دانہ کاشتکاروں کو دینے کی بجائے اپنی دکان کھول کر نجی پیٹرول پمپ پر خریداری شروع کر دی ہے جبکہ گندم کے کاشتکار خالی باردانے کے حصول کیلئے پریشان اور سراپا احتجاج ہیں۔ ضلع گھوٹکی میں خالی باردانہ کی عدم فراہمی پر گندم کے کاشتکار سخت مشکلات کا شکار ہیں اور گندم سرکاری نرخ 1050 روپے فی من فروخت کرنے کی بجائے عام مارکیٹ میں 900 روپے فی من فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سمیت محکمہ خوراک کا عملہ غائب ہے اور خفیہ طریقے سے گندم کے تاجروں کو 150 سے 200 روپے فی بوری رشوت لیکر گندم کی خریداری کی جارہی ہے جبکہ گندم کے کاشتکار سراپا احتجاج بن گئے ہیں، مگر سننے والا کوئی نہیں۔ کاشتکاروں کے مطابق گندم کے 2 سرکاری مراکز کے انچارج فوڈ انسپکٹر نے ایک دیہی علاقے میں اپنے نجی پیٹرول پمپ پر ذاتی دکان کھول کر خود ہی خریداری شروع کردی ہے۔ صحافیوں کی ٹیم جب نواحی گاوٴں پہنچی تو فوڈ انسپکٹر کے منشی نے پول کھول دیا جبکہ خالی باردانے کی عدم فراہمی پر محکمہ خوراک کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور فوڈ انسپکٹروں کے خلاف مسلسل احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں :