11 جنوری ، 2015
کراچی........کراچی لنک روڈ پر ہونے والے مسافر بس اور آئل ٹینکر حادثے میں63افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں حادثہ ڈیزل ٹینک پھٹنے کے باعث پیش آیا۔حادثے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق63افراد جاں بحق ہوگئے،کھڑکیوں میں لگی لوہے کی جالی کی وجہ سے مسافر بس سے نہ نکل سکے ۔جن کی شناخت کے لیے ڈی این اے سیمپلنگ کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے،پولیس کی جانب سے بھی اس امر کی نفی کی گئی کہ حادثہ سی این جی سلینڈر پھٹنے کے باعث پیش آیا۔بدقسمت مسافر بس 10 جنوری کو کراچی کے علاقے کورنگی بلال کالونی میں واقع شکار پور کوچ سروس اڈے سے رات سوا دس بجے روانہ ہوئی اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد یعنی 12بجے کے لگ بھگ حادثے کا شکار ہوگئی۔جیو نیوز سے بدقسمت مسافر بس کے مالک بدرالدین ہکڑو نے گفتگو کے دوران بتایا کہ مسافر بس ائیر کنڈیشنڈ تھی اور مسافروں کے بس میں بیٹھنے کی تعداد47تھی تاہم بس میں اوور لوڈ تھی اور حادثے کے وقت اس میں لگ بھگ75مسافر تھے، پولیس کی جانب سے تاحال حادثہ کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے، حادثے کی انکوئری ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ اور ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ کرینگے۔پولیس حکام کے مطابق مقدمہ تمام شواہد اکھٹا کرنے اور لاشوں کے ایم ایل او رپورٹس کا عمل مکمل ہونے کے بعد میمن گوٹھ تھانے میں بذریعے سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا جائیگا۔