28 اپریل ، 2012
پشاور … خیبر پختونخوا کے گورنر بیرسٹر مسعود کوثر نے کہا ہے کہ حکومت میڈیکل کالجوں کے طلباء کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ ڈاکٹر بن کر دکھی انسانیت کی خدمت کر یں۔ پشاور کے کالج آف ڈینٹسری کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ خیبر میڈیکل کالج کو دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور اس کالج کے فارغ التحصیل طلباء دنیا بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مسعود کوثر نے کہا کہ ڈاکٹر بننے والے طلباء کو دکھی انسانیت کی خدمت اپنا فرض اولین بنانا ہوگا۔ گورنر خیبر پختونخوا نے 21 طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز پہنائے اور 90 طلباء میں گریجو ایٹ کی ڈگریاں تقسیم کیں۔ طلباء کا کہنا تھا کہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔