28 اپریل ، 2012
پشاور … ڈاریکٹر جنرل ریسکیو 1122خیبر پختونخوا شمس الحق نے کہا ہے کہ گزشتہ 2سالوں کے دوران ریسکیو سروس کو 5 لاکھ 13 ہزار کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 5 لاکھ کالز غلط ثابت ہوئیں۔ وہ پشاور میں ریسکیو 1122 کے ہفتہ آگاہی کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ڈی جی ریسیکو 1122کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ ریسکیو سروس کو صوبہ کے دیگر اضلاع تک بھی بڑھایا جائے جبکہ جون کے مہینے میں مردان میں بھی ریسکیو سروس کا آغاز کردیا جائے گا۔ ڈی جی ریسکیو 1122 شمس الحق نے بتایا کہ گزشتہ 2سالوں کے دوران ریسکیو سروس کو محض تنگ کرنے کیلئے 5لاکھ کالز موصول ہوئیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریسکیو سروس کو فالتو کالز کرنے سے پرہیز کریں۔شمس الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریسکیو سروس کو قانونی حیثیت دینے کیلئے اسمبلی سے جلد ازجلد بل پاس کرایا جائے جو کہ منظوری کیلئے صوبائی کابینہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔