پاکستان
28 اپریل ، 2012

لاہور: جرم نہیں، آئین اور قانون کی پاسداری کی، وزیراعظم گیلانی

لاہور: جرم نہیں، آئین اور قانون کی پاسداری کی، وزیراعظم گیلانی

لاہور … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا، صرف آئین اور قانون کی پاسداری کی، عدالتی فیصلے کے بعد پیپلز پارٹی کا گراف اوپر گیا۔ لاہور میں پریس کلب کے عہدے داروں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ عدلیہ سمیت تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں جس روز عدالت نے فیصلہ سنایا اسی دن ملتان میں عوام نے پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ دے دیا، شریف برادران کو ملتان میں شکست ہوئی اب تو جنوبی پنجاب صوبہ بنے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ عوام کو مبارکباد دیتے ہیں کہ وہ جمہوریت کی خاطر سڑکوں پر آتے ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر پریس کلب کیلئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعظم نے پریس کلب کے پروگرام گیسٹ آف آنر میں شرکت کی دعوت بھی قبول کر لی۔ اس سے قبل وزیراعظم گیلانی نے گورنر ہاوٴس میں وکلاء کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آئین کو بحال کیا وہ اس کی خلاف ورزی کیسے کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ آئین کی پاسداری کریں گے، وہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کام کریں تو سسٹم بہتر طریقے سے چل سکتا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالات کچھ بھی ہوں آئین کی بالادستی کو مقدم رکھیں گے، صدر کو استثنا کی وجہ سے سوئس حکام کو خط نہیں لکھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کیلئے یہ بات قابل فخر ہے کہ آج ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں اور میڈیا آزاد ہے۔

مزید خبریں :