28 اپریل ، 2012
اسلام آباد … تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی عدالت سے سزا کے بعد وزیر اعظم نہیں رہے، ان کی سپریم کورٹ سے اپیل بھی مسترد ہوگئی اور پیپلزپارٹی نے فیصلہ نہ مانا تو سونامی مارچ شروع کریں گے۔ عمران خان نے نیشنل پریس کلب اسلام آبادکے سامنے لاپتہ افراد کے لواحقین کے کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت کے جانے سے جمہوریت نہیں جائے گی، پیپلزپارٹی مجرم کے ساتھ کھڑی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے چیف جسٹس اور آرمی چیف پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے، بلوچستان میں لوگوں کو لاپتہ کرنے اور لاشیں ملنے سے لوگ پاکستان کے خلاف ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جلد آنے والی ہے ، لوگوں سے انصاف کریں گے۔