31 جنوری ، 2015
واشنگٹن........صدر بارک اوباما کے دورہ بھارت کے بعد امریکا نے پاکستان کے ساتھ قریبی اسٹریٹجک پارٹنر شپ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین پساکی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں کےساتھ امریکا کے گہرے تعلقات ہیں ۔ یہ تعلقات تینوں ممالک کے اسٹریٹجک مفاد کے لیے ناگزیر ہیں ۔امریکا بھارت سِول ایٹمی معاہدے سے متعلق پاکستان کے تحفظات اور خطے میں نئی ایٹمی دوڑ شروع ہونے کے خدشات پر ترجمان نے کہا کہ اس معاملے پر کچھ عرصے سے بات چیت ہورہی تھی ۔ معاہدے کو آپریشنل ہونے کے لیے ابھی کئی امور کو حتمی شکل دینا باقی ہے ۔ تاہم امریکا پاکستان کے ساتھ قریبی اسٹریٹجک تعلقات جاری رکھے گا ۔ پاک بھارت کشیدگی سے متعلق سوال پر امریکی ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک مسائل کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات کریں ۔ امریکا اس سلسلے میں دونوں ملکوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے ۔ تاہم مذاکرات سے متعلق امور پاکستان اور بھارت کو ہی طے کرنے ہیں ۔