27 اکتوبر ، 2022
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ ٹو کے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست دے دی۔
131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 129 رنز بناسکی۔
کپتان بابر اعظم 4 رضوان 14، افتخار احمد 5،شاداب خان 17،حیدر علی صفر اور شان مسعود 44 محمد نواز 22 رنز بناکر پر آؤٹ ہوئے۔
زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا نے 3 اور براڈ ایون نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔پاکستان کو مسلسل دوسرے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑاجس کے بعد قومی ٹیم کا سیمی فائنل میں رسائی کا سفر بظاہر مشکل ہوگیا ہے۔
پرتھ کے ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ گراؤنڈ (واکا) میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کے کپتان گریک اروائن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
زمبابوے کی جانب سے کریگ اروائن اور ویسلے مدھیویر نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 42 رنز کا آغاز فراہم کیا، ویسلے مدھیویر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اروائن نے 19 رنز کی اننگز کھیلی، ملٹن شمبا کو 8 کے انفرادی اسکور پر شاداب خان نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا، پھر 14 ہویں اوور میں شاداب خان نے پہلے سین ولیمز کو 31 رنز پر بولڈ کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر ریگس چکا بوا کو بھی اگلی ہی گیند پر سلپ میں بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ شاداب خان نے 4 اوورز میں 23 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اگلے اوور میں محمد وسیم جونیئر نے سکندر رضا کو بھی 9 رنز پر پویلین بھیج دیا اور پھر اگلی ہی گیند پر لیوک جونگوی کو بھی بولڈ کر دیا۔
محمد وسیم جونیئر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 24 رنز دیے اور 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف نے 4 اوورز میں صرف 12 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔
آج کے میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور آصف علی کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت بابراعظم نے کی، دیگر کھلاڑیوں میں نائب کپتان شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد اور حیدر علی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف بھی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔