30 اکتوبر ، 2022
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا نے بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پرتھ میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقرر 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔
بھارتی بلے بازوں کو جنوبی افریقی بولرز کے مقابلے میں مشکلات کا سامنا رہا، بھارت کی وکٹیں یکے بعد دیگرے پتوں کی طرح بکھرتی چلی گئیں،بھارت کی جانب سے سوریا کمار یادیو کے علاوہ کوئی بھی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، سوریا کمار یادیو نے68 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے علاوہ کپتان روہت شرما 15 اور ویرات کوہلی نے 12 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگدی نے 4 اور وین پارنیل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقا نے 134 رنز کا ہدف 20 ویں اوور کی چوتھی گیند پر پورا کرلیا، جنوبی افریقا کی جانب سے ایڈن مارکرم نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، ٹمباباووما 10 اور ٹریسٹن اسٹبس نے 6 رنز بنائے، کوئنٹن ڈی کوک ایک رن اور رائیلی روسو صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ ملر نے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،محمد شامی، پانڈیا اور روی چندرن ایشون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے اپنے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی جب کہ دوسرا بارش کی نذر ہونے کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا اور پروٹیز کے حصے میں ایک پوائنٹ آیا تھا،دوسری جانب آئی سی سی ٹی توئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو اپنے دونوں میچز میں کامیابی حاصل ہوئی۔