کھیل
Time 06 نومبر ، 2022

اگر مگر کا شکار پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے پرشائقین کے دلچسپ تبصرے

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

اتوار کی صبح پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے ایک معجزے سے کم نہ تھی، کیوں کہ نیدرلینڈز نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مشکل حریف جنوبی افریقا کو باآسانی شکست دے کر پاکستان کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار کی اور پھر قومی ٹیم نے بنگلادیش کو شکست دےکر فائنل فور میں جگہ بنائی۔

آسٹریلیا میں جاری آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے ابتدائی دو میچز بھارت اور زمبابوے سے ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنا کافی مشکل دکھائی دے رہا تھا، اپنی کارکردگی کے ساتھ گرین شرٹس کو دوسری ٹیموں پر انحصار کرنا پڑا اور فائنل فور میں جگہ بنانے کے لیے اگر مگر کی صورتحال تھی۔

معاملہ کچھ یوں ہوگیا تھا کہ اتوار کو سپر 12 مرحلے کےآخری 3 میچز سے گروپ 2 میں شامل پاکستان،بنگلادیش ، جنوبی افریقا اور بھارت کے سیمی فائنل میں پہنچے کا فیصلہ ہونا تھا، اگر گرین شرٹس کے لحاظ سے دیکھا جائے تو اس کے لیے ضروری تھا کہ وہ اپنا آخری میچ بنگلادیش سے جیتےاور پھر نیدرلینڈز یا تو جنوبی افریقا کو اپ سیٹ شکست دے یا پھر بھارت کو زمبابوے کے ہاتھوں شکست ہو۔

تاہم ہوا یوں کہ اتوار کو پہلے میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 13 رنز سے شکست دے کر اسے ٹورنامنٹ سے باہر کیا جبکہ بھارت سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرگیا جس کے بعد  بنگلادیش اور پاکستان کا دن کا دوسرا میچ  کوارٹر فائنل کی صورت اختیار کرگیا۔

قبل ازیں پاکستان نے بنگلادیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر جہاں ہر کوئی خوش دکھائی دیا وہیں سوشل میڈیا صارفین نے بھی پاکستان ٹیم کے اگر مگر کی صورتحال سے فائنل فور میں جگہ بنانے پر دلچسپ تبصرے کیے۔

کچھ دلچسپ میمز دیکھیں:

ایک صارف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ بھارتی فینز پاکستان ٹیم کا کراچی ائیرپورٹ پہنچنے کا انتظار کررہے تھے جبکہ گرین شرٹس ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔

ایک صارف نے اپنے مستقبل کے حوالے سے میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں 2035 میں اپنے بچوں کو سمجھاتے ہوئے کہ پاکستان نے کس طرح 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

ایک اور صارف نے میم شیئر کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کی صورتحال بتائی کہ قومی ٹیم خود نہیں جانتی کہ وہ کب کیا کرجائے۔

اس کے علاوہ دوسری جانب کچھ سوشل میڈیا صارفین نے پاکستان کی سیمی فائنل کیلئے راہ ہموار کرنے پر نیدرلینڈز ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے اور پاکستان ، بھارت ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں مد مقابل ہوں گے۔

پہلاسیمی فائنل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان بدھ کو سڈنی میں کھیلا جائےگا۔دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں جمعرات کو ایڈیلیڈ میں مد مقابل ہوں گی۔


مزید خبریں :