10 نومبر ، 2022
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو 10 وکٹوں سے بدترین شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
آئی سی سی ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا جہاں انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان روہت شرما کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز بنائے اور انگلینڈ کو 169 رنز کا ہدف دیا جسے انگلینڈ نےکپتان جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز کی 170 رنز کی شراکت داری کی بدولت با آسانی پورا کرلیا۔
بھارت کے خلاف سیمی فائنل میں فتح کے بعد انگلینڈ نے ایڈیلیڈ میں ایک نئی تاریخ بھی رقم کردی ہے۔
جی ہاں انگلش ٹیم ایڈیلیڈ میں ٹاس جیتنے کے بعد میچ بھی اپنے نام کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
اسپورٹس ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اس اسٹیڈیم میں آج تک وہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں جیت سکی تھی جس نے ٹاس جیتا ہو۔
تاہم اب انگلینڈ نے ٹاس جیتنے کے ساتھ میچ میں بھی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایڈیلیڈ میں نیا کارنامہ سرانجام دیا۔
کرک انفو کے مطابق ایڈیلیڈ میں اب تک 12 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلے کھیلے گئے جس میں سے صرف انگلینڈ وہ واحد ٹیم ہے جو ٹاس جیت کر میچ بھی جیتی۔
واضح رہے کہ اتوار کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔