14 نومبر ، 2022
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی کرکٹر محمد شامی کی متنازع ٹوئٹ پر انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں شکست کے بعد سابق کرکٹر شعیب اختر نے اپنےٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹوٹے ہوئے دل کا ایموجی بناکر ٹیم کی ہار پر دکھ کا اظہار کیا۔
تاہم بھارتی کرکٹر محمد شامی نے شعیب اختر کی ٹوئٹ کے جواب میں اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ نہ کرتے ہوئے ایک متنازع ٹوئٹ کی جس پر انہیں تنقید کا سامنا ہے۔
محمد شامی نے شعیب اختر کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سوری برادر اسے ’کرما‘ کہتے ہیں۔
شاہد آفریدی کا رد عمل
ٹی وی شو میں شامی کی متنازع ٹوئٹ پر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم کرکٹرز ہیں، ہم سفیر اور رول ماڈلز ہیں، ہمیں یہ سب ختم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ ہم پڑوسی ہیں، ایسی چیزیں نہیں ہونی چاہئیں جس سے لوگوں کے بیچ نفرت پھیلے، اگر ہم ایسا ہی کریں گے تو عام آدمی سے ہم کیا امید رکھیں گے۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ اگر آپ ریٹائرڈ بھی ہیں تو بھی آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہیے مگر آپ تو موجودہ ٹیم کا حصہ ہیں اس لیے آپ کو ایسی چیزیں کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔