دنیا
23 جولائی ، 2016

کابل : مظاہرین پر 2 خودکش حملے، 80 افراد ہلاک

کابل : مظاہرین پر 2 خودکش حملے، 80 افراد ہلاک

 


افغان دارالحکومت کابل میں احتجاجی ریلی میں دو خودکش دھماکوں میں 80 افراد ہلاک اور 230 سے زائد زخمی ہوگئے، وزیراعظم نواز شریف نے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی ہماری مشترکہ دشمن ہے، اس کا ملکر مقابلہ کرنا ہوگا،انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔


افغان دارالحکومت کابل میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد ایک مطالبے کے حق میں مظاہرہ کر رہے تھے۔ مطالبہ یہ تھا کہ ترکمانستان سے آنے والی بجلی کی ٹرانسمیشن لائن ہزارہ آبادی والے دو صوبوں سے بھی گزاری جائے، بجلی مانگنے والے ان پرامن مظاہرین کو ملی تو صرف موت۔


مظاہرہ جاری تھا کہ پہلے ایک اور پھر دوسرا خودکش دھماکا ہوا۔ ایک حملہ آور کی خودکش جیکٹ نہ پھٹ سکی اور اسے سکیورٹی فورسز نے مار ڈالا، یہ تینوں دہشت گرد مظاہرین کے مجمع میں ہی شامل تھے۔ مظاہرہ دہ مزنگ کے علاقے میں ہوا جہاں مظاہرین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ دھماکے میں سیکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے۔


ان دھماکوں کی ذمہ داری مشرق وسطیٰ کی شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی ہے جبکہ افغان طالبان نے اس دھماکے سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔ افغان صدر اشرف غنی نے دھماکوں کی مذمت کی ہے۔

مزید خبریں :