انٹرٹینمنٹ
18 جولائی ، 2017

کوک اسٹوڈیو کا 10واں سیزن اگست میں شروع ہوگا

کوک اسٹوڈیو کا 10واں سیزن اگست میں شروع ہوگا

کراچی: پاکستانی میوزک پلیٹ فارم کوک اسٹوڈیو اگست کے اوائل میں 10واں سیزن متعارف کرانے کے ساتھ مسلسل دس سال تک جدت اور مقبولیت برقرار رکھنے کا منفرد سنگ میل عبور کررہا ہے۔

ایک اعلامیے کے مطابق گزشتہ ایک دہائی میں کوک اسٹوڈیو نے سینکڑوں گلوکاروں، موسیقاروں اور میوزک پروڈیوسروں کو شامل کیا جبکہ ساؤنڈ اور ریکارڈنگ اسپیشلسٹ، سیٹ ڈیزائنرز، وارڈ روب اسپیشلسٹس اور میوزک انڈسٹری کے دیگر بہت سے شعبوں کے ماہرین نے بھی اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ شائقین کی تعداد دنیا بھر کے 150 سے زائد ممالک میں پھیل چکی ہے۔ مزید یہ کہ گزشتہ دہائی میں پہلے سے زیادہ وسائل اور پلیٹ فارمز کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ پاکستان کی میوزک انڈسٹری کو اس پلیٹ فارم کی بدولت کھڑے ہونے میں مدد ملی۔

کوک اسٹوڈیو کے 10 ویں سیزن کا سنگ میل عبور کرنے کے حوالے سے کوکا۔کولا پاکستان کے جنرل منیجر رضوان یو خان نے کہا، "ایک دہائی قبل اس مشکل سفر کے آغاز کے ساتھ ہم طویل فاصلہ طے کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سالوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے ہم اس بات پر انتہائی فخر محسوس کرتے ہیں کہ کوک اسٹوڈیو غیرمعروف اور کم شہرت یافتہ موسیقاروں کو قومی دھارے میں لانے، موسیقی کی اصناف جیسے قوالی اور صوفی میوزک کو پاکستان کے نوجوانوں سے ازسرنو متعارف کرانے، معیاری فیوژن میوزک کی تیاری کے وعدے کی تکمیل جاری رکھنے اور ملک میں عملاً میوزک انڈسٹری کی بحالی کے لئے اہم کردار ادا کرنے سمیت بہت کچھ حاصل کرنے کے قابل ہوگیا ہے۔ "

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستانی میوزک میں بعض بڑے ناموں کے ساتھ کوک اسٹوڈیو اپنے سیزن 10 میں اسی طرح مزید نئے باصلاحیت نام شامل کرے گا۔

ان نوجوان آرٹسٹس میں ملک کے صف اول کے بعض گلوکاروں کے بچے بھی اپنے والد کے ساتھ پرفارم کرکے اپنے والدین کے ورثے اور روایات کو آگے بڑھائیں گے۔

مزید خبریں :