پاکستان
08 اگست ، 2017

نااہلی کے فیصلے کا احترام ہے لیکن فیصلے سے اختلاف بھی ہے، نوازشریف

نااہلی کے فیصلے کا احترام ہے لیکن فیصلے سے اختلاف بھی ہے، نوازشریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ اپنی نااہلی کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں تاہم اس سے اختلاف بھی رکھتے ہیں۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا معاملہ نااہلی تک نہیں جانا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا ’ میری نااہلی کے فیصلےکا احترام تو ہے لیکن فیصلےسے اختلاف بھی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ مشرف کو ملک سے بھیجنے کا فیصلہ ان کی حکومت کا نہیں عدلیہ کا تھا۔

’گھر بھیجا گیا ہے، تو گھر جارہا ہوں، گھر جانا ’’پاور شو ‘‘نہیں ہے۔‘

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے لئے نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد سابق وزیراعظم نے عدالتی فیصلے کے بعد فوری طور پر عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

بعدازاں حکمراں جماعت مسلم لیگ نواز نے شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم نامزد کیا جو اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔

دوسری جانب نواز شریف کی ریلی رکوانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ نااہل ہونے کے بعد کسی جماعت کے سربراہ یا رکن نہیں رہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف کی ریلی اور استقبال غیر آئینی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ نواز شریف کی ریلی اور لاہور آمد پر شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت کا بنیادی حق سلب ہو گا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عمران خان اور طاہر القادری کی ریلی کی طرح اس ریلی کو بھی غیر قانونی قرار دیا جائے۔

مزید خبریں :