عوامی تحریک دھرنا: احتجاج کی تحریک ختم نہیں ہوگی،طاہرالقادری


لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ دھرنا جب تک جاری رہے گا وہ ماڈل ٹاؤن سانحے پر احتجاج کرنے والوں کے ساتھ بیٹھے رہیں گے۔

دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگ تنہا نہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کوانصاف ملے گا، احتجاج کی تحریک ختم نہیں ہوگی۔

طاہر القادری نے کہ پاناما کیس میں چور پکڑا گیا ہے، ابھی چور پکڑا گیا ہے قاتل باقی ہے، دھرنا سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ منظر عام پر لانے، متاثرین سے یکجہتی کیلیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے بھی کہا جب تک میں بیٹھوں گا وہ بھی بیٹھیں گے، جس وقت تک دھرنا رہے گا،آپ کے ساتھ رہوں گا۔

طاہرالقادری نے کہا کہ مظلوموں کے حقوق کے لیے لوگ جمع ہیں، دنیا کی کوئی طاقت آپ کو ڈرا نہیں سکتی، کوئی طاقت آپ کو انصاف سے دور نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی تاریخ میں ووٹ کے تقدس کوپامال کرنیوالے بھی نوازشریف ہی ہیں، وہ آئین سے امانت دیانت کی ساری شقیں ختم کرنا چاہتے ہیں اور اراکین اسمبلیوں کو خریدتے رہے ہیں۔

عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ آج مال روڈ پر بیٹھ کر ثابت کر دیا ہے کہ 17جون کےشہدا تنہا نہیں ہیں، نوازشریف کے پیچھے اصل قوت شہباز شریف کا پنجاب کا اقتدار ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں 70 سال سے تماشا لگا ہوا ہے جبکہ چھانگا مانگا سیاست انہوں نے ہی متعارف کروائی ہے

’نواز شریف صاحب 35 سال سے تو آپ نے تماشا لگایا ہوا ہے، نوازشریف نے صدر سے مل کر بے نظیر کی حکومت ختم کروائی۔‘

انہوں نے کہا کہ انصاف طلب کرنے والے پرامن ضرور ہیں لیکن امن ان کی کمزوری نہیں، نوازشریف کہتے ہیں ووٹ کا تقدس بحال کریں گے، پہلے بتائیں پامال کس نے کیا؟

طاہر القادری نے کہا کہ 35 سال سے آپ ملک میں برسر اقتدار ہیں، انقلاب کا نعرہ لگانے پر آپ کوشرم آنی چاہیے، آپ کا انقلاب تخت رائیونڈ بچاؤ انقلاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کیس میں شریف بردارن کو پھانسی ہوگی۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ماڈل ٹاؤن سانحے کی رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے جبکہ جسٹس باقر نجفی نے جو کچھ بھی لکھا ہے وہ بتایا جائے۔

طاہر القادری نے کہا کہ جج صاحبان، وکلا،عوام سے پوچھتا ہوں 17 جون کو جو لاشیں گریں انکا قصور کیا تھا؟ وہ صرف یہی کہتے تھے کہ ہمارے بچوں کو تعلیم اور روزگار دیا جائے۔

پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے مال روڈ پر دھرنا دیا جارہا ہے جس میں عوامی تحریک سمیت پی ٹی آئی کے رہنما بھی شریک ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے مال روڈ کے استنبول چوک پر شہدائے سانحہ ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلانے کے لئے دھرنا دیا جارہا ہے جس میں ڈاکٹر طاہرالقادری بھی پہنچ گئے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن شہدا کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری، یاسمین راشد، محمود الرشید اور فردوس عاشق اعوان سمیت دیگر شریک ہیں جب کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی موجود ہیں۔

دھرنے کے مقام پر بڑے بڑے پینافلیکس اور بورڈز آویزاں کئے گئے ہیں جب کہ دھرنے میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے لواحقین اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان شریک ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا 7 بجے کارکنان سے خطاب متوقع ہے جب کہ دیگر قائدین کا دھرنے کے شرکا سے خطاب جاری ہے۔


مزید خبریں :