گلوکار ہنی سنگھ کو ’ آپ بیتی ‘ لکھنے کیلئے 25 کروڑ کی پیشکش

— فوٹو:فائل

ایک بھارتی پبلشر نے معروف گلوکار یو یو ہنی سنگھ کو ’ آپ بیتی‘ لکھنے کے لیے 25 کروڑ کی پیش کش کی ہے۔

گلوکار ہنی سنگھ طویل عرصے سے میوزک کی دنیا سے غائب ہیں اور اس دوران سوشل میڈیا پر بھی ان کی کئی تصاویر وائرل ہوئی ہیں جس میں ان کی شخصیت ہی بدلی ہوئی تھی۔

گلوکار گزشتہ سال اپنی پنجابی فلم ’زوراور‘ میں نظر آئے جس کے بعد سے انہوں نے اب تک کوئی بھی فلم یا میوزک کمپوزنگ نہیں کی ہے۔

ہنی سنگھ کے حوالے سے کئی ماہ سے خبریں زیر گردش تھیں کہ انہیں کوئی خطرناک بیماری لاحق ہوگئی ہے لیکن اب اس حوالے سے خود گلوکار نے تقریباً 2 سال بعد لب کشائی کی ہے۔

بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں ہنی سنگھ کا کہنا تھا کہ پچھلے 18 ماہ زندگی کا سب سے برا دور ہے کیوں کہ میں اس وقت کسی سے بات کرنے کی حالت میں نہیں تھا لیکن اس کے باوجود میرے بارے میں طرح طرح کی باتیں پھیلائی گئیں۔

ہنی سنگھ کے مطابق انہیں شراب نوشی کے باعث اصلاحی سینٹر نہیں بھیجا گیا تھا وہ اپنے گھر میں ہی تھے۔

انہوں نے کہا کہ ذہنی تناؤ(بائی پولر ڈس آڈر) کی بیماری کا شکار تھا اور شراب نوشی سے اس میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے، اس بیماری میں مبتلا ہونے کے بعد دوائیں اثر نہیں کررہی تھیں جس کی وجہ سے 4 معالج تبدیل کیے لیکن اس سب کے باوجود ڈپریشن ہونے لگا تھا۔

ہنی سنگھ کا کہنا تھا کہ سورج غروب ہونے کے بعد اپنی ہی فیملی کے لوگوں سے ڈر لگتا تھا یہی وجہ ہے کہ خود کو ایک کمرے میں بند کردیا تھا اور مہینوں تک بال ہی نہیں کٹوائے تھے لیکن اب میں مکمل طور پر ٹھیک ہوگیا ہوں۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ بھارتی پبلشر نے ہنی سنگھ کو زندگی پر کتاب لکھنے کے لیے 25 کروڑ کی پیش کش کی ہے لیکن گلوکار نے اس خبر کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے۔

گلوکار کی جانب سے کتاب لکھنے کی پیش کش کی حامی بھرلی گئی تو یقیناً ایک دلچسپ کتاب ہوگی جس میں ان کی زندگی کے اتار چڑھاؤ بھی سامنے آئیں گے۔

مزید خبریں :