پدماوتی‘ میں ولن کے کردار سے خوف زدہ تھا: رنویر سنگھ

— فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے کہا ہے کہ وہ فلم ’پدماوتی‘ کے کردار سے خوف زدہ تھے اسی لیے فلم سائن کرنے میں زیادہ وقت لیا۔

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ یکم دسمبر کو ریلیز ہو گی جس میں  اداکارہ دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیا ہے لیکن فلم کو کچھ بھارتی ریاستوں میں احتجاج کے باعث ریلیز کے مسائل کا بھی سامنا ہے۔

تاریخی فلم میں دپیکا نے ’رانی پدمنی‘، شاہد کپور نے ’راجہ راول رتن سنگھ‘ اور رنویر سنگھ نے ’علاؤالدین خلجی‘ کا کردار نبھایا ہے جب کہ فلم میں رنویر کردار اہم ہونے کے ساتھ ساتھ ولن کا ہے۔

فلم میں رنویر کے کردار کا عکس — فوٹو:فلم تشہیری پوسٹر

فلم میں اپنے کردار سے متعلق رنویر کا کہنا تھا کہ وہ ولن کا کردار ہونے کی وجہ سے خوف کا شکار تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’علاؤالدین خلجی‘ کا کردار ان کے لیے رسک تھا اسی لیے انہوں نے فلم کو سائن کرنے میں کافی وقت لیا تاہم ان کا ماننا ہے کہ وہ کردار ہیرو کے کردار سے بالکل الگ ہے۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ماہرہ خان اور رنبیر کپور کی تصاویر وائرل ہوئیں تھیں جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا لیکن کئی فلمی شخصیات نے دونوں اداکاروں کے حق میں آواز بلند کی تھی۔

اس حوالے سے رنویر سنگھ کا کہنا تھا کہ وہ کسی جگہ پر کسی کے ساتھ ہوں تو وہ نہیں چاہیں گے کہ کوئی بھی ان کی ذاتی زندگی کی ملاقات کو کیمرے میں محفوظ کرے لیکن آپ کو اچھے کے ساتھ ساتھ برا بھی جھیلنا پڑتا ہے۔

مزید خبریں :