پاکستان
Time 03 جنوری ، 2018

پاک بحریہ کا سمندر اور خشکی پر ہدف کو نشانہ بنانے والے کروز میزائل کا کامیاب تجربہ


پاکستان نیوی نے اندرون ملک تیار کردہ سمندر اور خشکی پر ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کے حامل کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

پاک بحریہ کے اعلامیے کے مطابق پی این ایس ہمت نے اندرون ملک تیار کردہ حربہ نیول کروز میزائل فائر کیا جو سطح آب سے سطح آب پر مار کرنے والا اینٹی شپ اور زمینی حملے کی صلاحیت کا حامل میزائل ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ میزائل نے اپنے ہدف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایا جو اس ویپن سسٹم کی حربی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس عالمگیر سے فائرنگ کے اس مظاہرے کو دیکھا۔

—تصویر بشکریہ پاک بحریہ۔

لائیو ویپن فائرنگ کا یہ کامیاب مظاہرہ نہ صرف پاک بحریہ کی فائر پاور کی قابل اعتماد اور بھرپور صلاحیت کا مظہر ہے بلکہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی اندرون ملک ہائی ٹیک ہتھیار سازی کی معیاری صلاحیت کا عکاس ہے اور اس شعبے میں خود انحصاری کے حصول کے لیے حکومتی عزم کی واضح دلیل ہے۔

اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان نیول فلیٹ یونٹس کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور ان تمام متعلقہ افراد کی کاوشوں کو سراہا جن کی بدولت اس اہم سنگ میل کا حصول ممکن ہوا۔

انہوں نے اندرون ملک دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور بیرونی ممالک پر انحصار کم سے کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ پاکستان کے بحری دفاع اور مفادات کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔

انہوں نے حربہ نیول ویپن سسٹم منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے والے انجینئرز اور محققین کی بھی تعریف کی ۔

مزید خبریں :