پاکستان
Time 12 جنوری ، 2018

رائیونڈ روڈ کرپشن ریفرنس: نیب نے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی

لاہور: نیب نے رائے ونڈ روڈ کرپشن کیس کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔

گزشتہ ماہ 27 دسمبر کو نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں رائے ونڈ میں غیر قانونی سڑک کی تعمیر پر شریف برادران کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا ہےکہ سال 2000ء میں نواز شریف اور شہباز شریف پر مبینہ طور پر رائیونڈ سے اپنے گھر تک غیر قانونی دو رویہ سڑک تعمیر کرکے قومی خزانے کو تقریباً ساڑھے 12 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔

جیونیوز کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے رائے ونڈ روڈ کرپشن ریفرنس کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

نیب ذرائع کا بتانا ہےکہ نیب نے کرپشن کیس کا ریکارڈ بھی اکٹھا کرنا شروع کردیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق 2016 تک یہ انکوائری التوا کا شکار رہی اور اس کیس کی تحقیقات کا آغاز اپریل 2001ء میں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ایک اسکول اور ڈسپنسری کا بجٹ رائے ونڈ روڈ کی تعمیر پر خرچ کیا گیا، تحقیقات کے مطابق 12 کروڑ 56 لاکھ سے زائدکرپشن کی گئی۔

نیب ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے معاملے کی براہ راست انویسٹی گیشن کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :