پاکستان
Time 23 اکتوبر ، 2018

شاہ فرمان نے ضمنی الیکشن میں بھائی کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ غلط قرار دیدیا

بحیثیت نظریاتی کارکن موروثی سیاست کے خاتمے پر یقین رکھتا ہوں، گورنر کے پی کے۔ فوٹو: فائل

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے پی کے 71 میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں بھائی کو ٹکٹ دینے کے فیصلے کو غلط قرار دیدیا۔

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تسلیم کرتا ہوں ضمنی انتخابات میں بھائی کو ٹکٹ دینےکا فیصلہ غلط تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ خاندان کے کسی فرد کے لیے پارٹی ٹکٹ کی سفارش نہیں کروں گا۔

شاہ فرمان نے کہا کہ بحیثیت نظریاتی کارکن موروثی سیاست کے خاتمے پر یقین رکھتا ہوں اور پارٹی میں موروثی سیاست کی حوصلہ شکنی کروں گا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے حلقے پی کے 71 پر گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی چھوڑی ہوئی نشست پر ان کے بھائی ذوالفقار خان کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے صلاح الدّین خان 11257 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ تحریک انصاف کے ذوالفقار خان 9854 ووٹ لے سکے۔

صلاح الدین مہمند پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ رہے ہیں لیکن ضمنی انتخاب میں اسی حلقے سے گورنر خیبر پختونخوا کے بھائی ذوالفقار خان کو ٹکٹ جاری ہونے پر وہ پارٹی سے علیحدہ ہو گئے تھے۔

مزید خبریں :