11 جنوری ، 2012
لاہور… وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت غریب اور عام آدمی کی فلاح و بہبود کے انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ دیہی اور شہری علاقوں میں بے گھر افراد کو گھروں کی تعمیر کے لئے پلاٹوں کی تقسیم کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ لاہور میں مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کو فلاحی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آشیانہ اسکیم مسلم لیگ ن کا کارنامہ ہے۔ دیہی علاقوں میں بے گھر افراد میں تین اور پانچ مرلہ کے ایک لاکھ پلاٹ تقسیم کئے جائیں گے جبکہ شہروں اور قصبوں میں پانچ لاکھ پلاٹ دینے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس موقع پر میاں نواز شریف نے پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبوں کی تعریف کی، ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی کچی آبادیوں میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی منصوبہ بندی کی جائے۔