06 فروری ، 2015
اسلام آباد .....وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد پاکستان اور افغانستان میں تاریخ کے بہترین رابطے ہو رہے ہیں۔ دہشتگردی کے واقعات نہ بھولے ہیں، نہ بھلائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شکار پور واقعے کے ماسٹر مائنڈ کا پتہ بھی لگالیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے سانحہ پشاور اور شکار پور کی تحقیقات سے متعلق ایوان کو آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ شکارپور واقعے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے ، اس واقعے کے ماسٹر مائنڈ کی نشاندہی ہوچکی ہے، تاہم وہ اس سے متعلق مزید کچھ نہیں بتانا چاہتے۔مزید تفتیش کے بعد ہی وہ حقائق منظر عام پر لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پشاور سانحے کو قوم کا کوئی فرد نہیں بھول نہیں سکتا، جو بھی اس واقعے میں ملوث ہیں اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ افغان حکومت نے سرحد سے ملحقہ علاقوں میں کارروائی کی ہے،سانحہ پشاور کے بعد پاکستان اور افغانستان کے درمیان تاریخ کی سب سے زیادہ موثر کوآڈینیشن ہو رہی ہے۔