08 فروری ، 2015
لاہور......وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کا کنٹینر بیلیٹ بکس سے بھاری نہیں ہے،بلدیہ ٹاؤن سانحے کا میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہیے۔ لاہور میں مسلم لیگ ن کی سینیئر رہنما تہمینہ دولتانہ کی جانب سے نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے شرکاء کے اعزاز میں عشایئے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کنٹینر کے مقابلے میں بیلٹ باکس بھاری ہے فیصلہ بیلٹ باکس کا ہی مانا جائے گا ۔جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے اسحاق ڈار نے خط لکھ دیا ہے تحریک انصاف کے جواب کا انتظار ہے ۔ پرویز رشید نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن کراچی کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے ،میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا پرویز مشرف کی قیادت میں انجمن بیروزگاراں بن رہی ہے ، چینی صدر پاکستان آرہےہیں لیکن ابھی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سابق صدر پرویز مشرف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ غیر مقبول ترین شخص ہیں ، انکا سیاست میں کوئی مستقبل نہیں ، پرویز مشرف کےساتھ جو بھی چلے گا ، وہ زیرو ہوجائےگا۔