08 فروری ، 2015
لندن......لندن میں فرانسیسی میگزین میں توہین آمیزخاکوں کی اشاعت کے خلاف 10ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ میں لندن میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔منتظمین کے مطابق احتجاج میں 15 سے 20 ہزار افراد شریک تھے، احتجاج کے دوران مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جس پر توہین آمیز خاکوں کے خلاف نعرے درج تھے، مظاہرین نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت روکنے کیلیے قانون سازی کی جائے ،احتجاج میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے بھی شرکت کی ، انہوں برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کو اسی طرح تحفظ فراہم کیا جائے جیسے دیگر مذاہب کے لوگوں کو دیا جاتا ہے۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مسلمان رہنماؤں نے کہا کہ ہم فرانس میں ہونے والے واقعے کی مذمت کرتے ہیں لیکن آزادی اظہار کے نام پر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا بند کیا جائے اور ساتھ ہی توہین آمیز خاکے شائع کرنے والے ادارے کے خلاف کاروائی کی جائے۔