30 اپریل ، 2012
کراچی … کراچی کے علاقے لیاری میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کا آپریشن چوتھے دن بھی جاری ہے۔ آج بھی لیاری کے مختلف علاقوں اور شیر شاہ میں فائرنگ سے 6افراد جان سے گئے،مشتعل افراد نے 5 گاڑیاں اور دیگر املاک جلادیں، پولیس نے ملزمان کے تین نشانہ بازوں کو ٹھکانے لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔ چیل چوک، نواں لین، آگرہ تاج، افشانی گلی سمیت لیاری کے مختلف علاقوں میں پولیس کا آپریشن جاری ہے لیکن اس کے باوجود مختلف اطراف سے کئی راکٹ داغے گئے، متعدد مقامات پر دستی بموں سے حملے کئے گئے، فائرنگ کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ جنگ زدہ علاقے کی اس صورتحال سے پریشان علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نقل مکانی کرچکی ہے،انتہائی کشیدگی والے علاقوں میں محصور شہری کھانے پینے کی اشیاء، پانی، بجلی اور دیگر ضروریات زندگی سے محروم ہیں۔ ایس ایس پی چوہدری اسلم نے دعویٰ کیا ہے کہ سی آئی ڈی پولیس نے لیاری کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے 20 ملزمان کو گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولا بارود برآمد کرلیا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس نے ملزمان کے3 نشانہ باز بھی مار دیئے۔ دوسری جانب لیاری میں نویں جماعت کے جنرل گروپ ریاضی کا پرچہ بھی ملتوی کردیا گیا۔ لیاری کے حالات کے مبینہ ردعمل کے طور پر شیرشاہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 3 افراد رضوان، جنید انصاری اور احمد جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد مشتعل افراد نے 2 بسوں کو آگ لگادی۔ ادھر لیاری آپریشن کے خلاف ملیر، پی آئی بی کالونی، فیڈرل بی ایریا اور ابراہیم حیدری میں بھی فائرنگ کی گئی اور 3 گاڑیاں جلادی گئیں۔