پاکستان
09 فروری ، 2015

سندھ اسمبلی کااجلاس،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم قریب آتی نظر آئیں

سندھ اسمبلی کااجلاس،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم قریب آتی نظر آئیں

کراچی......سندھ اسمبلی میں آج بھی امن و امان کا معاملہ زیر بحث رہا، وزیر قانون سکندر میندھرو نے ایوان کو بتایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے 61 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا ہے،توقع کی جا رہی تھی کہ سانحہ بلدیہ ٹائون کی جے آئی ٹی رپورٹ اور متحدہ قومی موومنٹ کے سیکٹر انچارج کی گرفتاری کے بعدایوان کے دونوں جانب سے گرما گرمی دیکھنے میں آئے گی اور شاید ایم کیو ایم اجلاس سے واک آئوٹ بھی کر جائے لیکن ہوا کچھ بھی نہیں ۔اسمبلی میں معمول کی کاروائی ہوئی، متحدہ قومی موومنٹ کے رکن اسمبلی محمد حسین نے ٹارگٹ کلنگ سے متعلق توجہ دلائو نوٹس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گولیمار، گلبہار، رضویہ اور ناظم آباد کے علاقے ٹارگٹ کلنگ سے زیادہ متاثر ہیں۔ صوبائی وزیر قانون سکندر میندھرو نے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں اعداد و شمار پیش کئے اور کہا کہ ان کے پاس ایسے اعداو شمار نہیں جن سے یہ ظاہر ہو کہ متعلقہ علاقوں میں زیادہ لوگ ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہوئے ۔محمد حسین نے وزیر قانون کی جانب سے پیش کئے جانے والے اعداد وشمار کو رد کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحیح تعداد اگلے سیشن میں پیش کریں گے۔حیدر آباد میں ترقیاتی کام نہ ہونے، سکھر میں میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی، اور اسکولوں پر قبضہ مافیا سے متعلق کال اٹینشن نوٹسز اسمبلی میں پیش کئے گئے جبکہ قائد حزب اختلاف شہریار مہر کی تحریک استحقاق کو مسترد کردیا گیا۔متحدہ قومی موومنٹ کے رکن خواجہ اظہار الحسن نے پیش کئے جانے والے کال اٹینشن نوٹس پرجب بعد میں بات کرنا چاہی تو اسپیکر نے اجلاس جمعہ تک کے لئے ملتوی کردیا۔

مزید خبریں :