30 اپریل ، 2012
اسلام آباد … بالائی علاقوں میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کا سلسلہ مزید 24 گھنٹے جاری رہنے کے بعد ختم ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے وسطی اور بالائی علاقوں میں اگلے چند روز کے دوران گرمی کی شدت بڑھ جائے گی۔ اگلے 24 گھنٹوں میں راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواوٴں کے ساتھ مزید بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ کاشت کے بالائی علاقوں میں منگل کو بھی تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش ہوگی جبکہ سیاچن میں مزید 2 دن برف باری جاری رہنے کا امکان ہے۔ دوسری طرف سندھ میں گرمی کی لہر جاری ہے، دادو اور تربت میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ بدین، حیدر آباد اور کراچی میں درجہ حرارت 41 ڈگری، جیکب آباد، لاڑکانہ میں 40 جبکہ لاہورمیں 33، پشاور 30، اسلام آباد 29، کوئٹہ میں 24 اور مری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔