پاکستان
01 مئی ، 2012

لیاری میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان فائرنگ

لیاری میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان فائرنگ

کراچی … لیاری میں گل محمد ،سیفی لین میں پولیس داخلے کی کوشش ناکام ہوگئی۔دستی بم اور راکٹ حملے جاری ہیں ۔کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس آپریشن کے دوران ملزمان کے راکٹ حملے میں ایک پولیس اہل کار شہید ہوگیا، جبکہ لی مارکیٹ کے قریب ہوٹل پر راکٹ حملے سے 10 افراد زخمی ہوگئے۔ لیاری آپریشن پانچویں روز بھی جاری ہے۔ پولیس کے مطابق چیل چوک کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر راکٹ حملہ کیا گیاجس کے باعث ریپڈ رسپانس فورس کا سپاہی طفیل شہید ہوگیا۔دوسری جانب لی مارکیٹ کے قریب ہوٹل کی بلائی منزل میں واقع مسافر خانے پر راکٹ حملہ کیا جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق لیاری کے مختلف علاقوں میں رات بارہ بجے کے بعد سے فائرنگ اور دستی بم پھٹنے سے مزید چار افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال لایا گیا۔ رات گئے سی آئی ڈی کی جانب سے سیفی لین اور گل محمد لین میں پیش قدمی کی کوشش کی گئی لیکن وہاں بھی ملزمان نے بکتر بند گاڑی کو دستی بموں سے نشانہ بنایا جس کے بعد پولیس کی نفری واپس لوٹ گئی۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آپریشن کے باعث ان کا رہنا مشکل ہوگیا ہے اور وہ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں ،لیاری میں صورت حال اب بھی کشیدہ ہے فائرنگ، دستی بموں اور راکٹ حملوں کا سلسلہ وقفے قفے سے جاری ہے۔

مزید خبریں :