13 فروری ، 2015
کراچی.........بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کراچی کو ہانگ کانگ کی طرز کا شہر بنائیں گے جو اتنا خوبصورت ہوگا کہ یہاں کے شہری اس پر فخر کریں گے۔ گورنر ہاؤس میں ٹمبر مارکیٹ متاثرین کو امدادی رقم کے چیک دینے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ متاثرین کو جے پیسے دے رہے ہیں وہ صرف ٹوکن منی ہے ان کا مکمل نقصان پورا نہیں کررہا۔ ملک ریاض کا کہنا تھا کہ بزنس مینوں کوجب بھی نقصان ہوتوحکومت کوان کےساتھ ہوناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں میٹروبس پراجیکٹ کے لیے سندھ حکومت کو 42 ارب قرض دے رہے ہیں یہ پروجیکٹ 11ماہ میں مکمل کریں گے۔ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے تقریب میں ٹیلی فونک گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ ملک ریاض فرشتہ صفت انسان ہیں جب بھی سانحات ہوتے ہیں تو ملک ریاض فرشتہ بن کر آتے ہیں اور متاثرین کی مدد کرتے ہیں۔ سانحہ ٹمبر مارکیٹ کے متاثرین کی بھی ملک ریاض نے مدد کی۔ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض کو خدمت خلق فاؤنڈیشن کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو ملک ریاض نے قبول کرلی۔ تقریب سے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اور الطاف حسین نے فیصلہ کیا ہے کہ بزنس کمیونٹی کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ تقریب سے وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ٹمبر مارکیٹ کے متاثرین کی مدد کے لیے وفاق کی ضرورت نہیں پڑے گی سندھ حکومت ہفتوں میں نہیں دنوں میں ان کی مدد کرے گی۔