13 فروری ، 2015
پشاور...........جامع مسجد امامیہ اور آرمی پبلک اسکول حملوں میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ اسکول اور مسجد کو نشانہ بنانےکے دونوں واقعات میں حملہ آوروں نے ایک ہی جیسا طریقہ کار اختیار کیا۔ پولیس کے مطابق جامع مسجد امامیہ اور آرمی پبلک سکول حملے میں مماثلت پائی جاتی ہے۔پشاور میں 16دسمبر کو آرمی پبلک ا سکول پر حملہ کرنے 7سے زیادہ حملہ آور گاڑی میں سوار ہوکر اسکول کی عقبی جانب آئے۔ گاڑی کو آگ لگائی اور اسکول پر حملہ کردیا۔مسجد پر حملےکے لیئے آنے والے 3خودکش حملہ آور گاڑی میں سوار ہوکر مسجد سے تقریباً ستر گز دور گاڑی سے اترے۔ گاڑی کو نذر آتش کیا اور زیر تعمیر عمارت سے ہوتے ہوئے مسجد کی عقبی دیوار پر پڑی خاردار تار کو کاٹا اور مسجد میں داخل ہوئے۔ کالے لباس پہنے ہوئے حملہ آور خود کار ہتھیاروں سے لیس تھے جبکہ ان کے پاس ہینڈ گرینڈ بھی تھے۔دو حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑایا جبکہ ایک خودکش حملہ آور پانچ کلو گرام وزنی جیکٹ نہ پھاڑ سکا۔جس کی لاش کو پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق تیسرے حملہ آور کی عمر 19سے 20سال ہے جو شکل سے ازبک لگتا ہے۔