15 فروری ، 2015
کوپن ہیگن.......ڈنمارک میں اسلام آزادئ اظہار پر ہونے والے سیمینار میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 3زخمی ہوگئے ہیں ۔ وزیر اعظم نے ملک بھر میں ہائی الرٹ کا اعلان کردیا ہے۔ڈنمارک پولیس کے مطابق دارالحکومت کوپن ہیگن میں اسلام اور آزادئ رائے کے بارے میں منعقدہ سیمینار کے دوران جب فرانسیسی سفیر خطاب کر رہے تھے تو ایک شخص نے سینٹر کے باہر فائرنگ کردی، فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 3پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔ متنازع خاکے بنانے والا سویڈن کا کارٹونسٹ ’لارس ولکس‘ بھی اس سیمینار میں موجود تھا ۔ فرانسیسی سفیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ واقعہ فرانس میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی طرز کا لگتا ہے۔ تاہم اس بار دہشت گرد اندر داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ایک شخص ملوث تھا جبکہ وزیر اعظم نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے پورے ملک میں ہائی الرٹ کا اعلان کیا ہے ۔