کاروبار
01 مئی ، 2012

بجلی گیس کی لوڈ شیڈنگ سے ٹائل انڈسٹری بری طرح متاثر

گوجرانوالہ…خوبصورت اوردیدہ زیب ٹائلز گھروں ،دفاتر اورعمارتوں کی تعمیرمیں چارچاندلگادیتی ہے۔ٹائل کی تیاری میں گیس اوربجلی کی مسلسل فراہمی کا خاص خیال رکھنابے حد ضروری ہوتاہے۔حالیہ بجلی اور گیس کے بحران نے اس صنعت کوبری طرح متاثر کیاہے۔ سفید رنگ کے بڑے بڑے پتھر وں کی کرشنگ کا مرحلہ ٹائل بنانے کا سب سے پہلاکام ہے جہاں ان پتھروں کو توڑ کر پہلے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کیا جاتا ہے اور پھر اسے باریک پاوڈر کی شکل میں تبدیل کر دیا جاتاہے۔ ٹائل بنانے کے لیے میانوالی اور مانسہرہ کے پہاڑوں کے4 اقسام کے پتھر استعمال کئے جاتے ہیں۔ پتھر کی گرینڈنگ کے دوران کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا ضروری ہوتا ہے۔ پاوڈر کومخصوص پلانٹس سے گذاراجاتاہے جہاں گیس کے ایک خاص پریشر کے ذریعے اسے مقررہ درجہ حرارت فراہم کیاجاتا ہے اگرگیس کی فراہمی میں خلل آجائے تو ساری محنت اورمال ضائع ہوجاتاہے ،کام کرنے والے ان مزدوروں کا کہنا ہے کہ دھول اورگردوغبار سے بچنا تو ممکن ہے لیکن بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے انہیں ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ ٹائل انڈسٹری مالکان کا کہنا ہے کہ گیس کے بحران کی وجہ سے عالمی منڈی میں بنایا گیا سارا مقام تیزی سے گرتا جارہا ہے۔ سرامکس ٹائل انڈسٹری مالکان کا کہنا ہے کہ مختلف ٹیکسوں کی مد میں حکومتی خزانے میں کروڑوں روپے جمع کرانے کے باوجود حالیہ بجلی اور گیس کے بحران نے اس انڈسٹری کو تباہی کے دھانے پر پہنچادیا ہے۔ ملک میں ٹائل کھپت کو پورا کرنے کے لیے کروڑوں ڈالر کی ٹائل درآمد کرکے ملکی خزانے کو دوہرا نقصان پہنچایا جارہا ہے۔

مزید خبریں :