17 فروری ، 2015
کراچی......آل پاکستان متحدہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن کے چیئر مین سرفراز احمد صدیقی و اراکین مرکزی کابینہ نے اسٹیووٹا کی جانب سے کوہسار ٹیکنیکل کالج حیدر آباد کی نجکاری کے فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ایک مشترکہ بیان میںانھوں نے کہا کہ کوہسار ٹیکنیکل کالج کی نجکاری سے یہاں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی مشکلات میں اضافہ ہوجائے گا جبکہ دوسری جانب صوبے میں بسنے والے غریب و متوسط طبقے کے طالبعلموں کیلئے علم کا حصول بھی مشکل ہو جائے گا، اسٹیوٹا کے اس اقدام سے 500سے زائد طالبعلموں کا مستقبل خدشات کا شکار ہو جائے گا ۔ انہوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ،وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو سے مطالبہ کیا کہ وہ اسٹیووٹا کی جانب سے کوہسار ٹیکنیکل کالج حیدرآباد کی نجکاری کا فوری نوٹس لیکر طلبہ کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچائیں اور حیدر آباد شہر کے غریب و متوسط طبقے کے طلباء کیلئے علم کے حصول کو آسان بنائیں ۔