20 فروری ، 2015
انقرہ ......امریکا اور ترکی کے درمیان شام میں داعش کیخلاف لڑنے والے باغیوں کی عسکری تربیت کا معاہدہ ہوگیا۔ انقرہ میں امریکا اور ترکی کے درمیان درمیان کئی ماہ کے طویل مذاکرات کے بعد شام میں داعش کیخلاف لڑنے والے باغیوں کی عسکری تربیت کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ معاہدے کے مطابق ان شامی باغیوں کو تربیت ترکی کی ایک بیس پر دی جائیگی۔ جس کیلئے امریکی محکمہ دفاع نے1200 سے زائد شامی باغیوں کی اسکریننگ مکمل کر لی ہے۔ امریکا اور ترکی کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کو اسٹریٹیجک پارٹنرشپ میں "ایک اہم قدم" کہا جا رہا ہے۔ ترک حکام نے تجویز دی ہے کہ تربیت یافتہ باغی داعش کے ساتھ بشار الاسد کی حکومت کو بھی نشانہ بنائیں۔ امریکی کانگریس پہلے ہی 5 ہزار باغیوں کی معاونت اور تربیت کے لیے 5 سو ملین ڈالر امداد کا بل پاس کرچکی ہے۔