24 فروری ، 2015
اسلام آباد........متحدہ قومی موومنٹ کی پارٹی رکنیت اور قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے والے نبیل گبول کہتے ہیں کہ میں ایم کیو ایم کےلیے فٹ نہیں تھا،ایم کیو ایم ایک منظم پارٹی ہے،میں ایم کیوایم کیلئےمس فٹ تھا۔ قومی اسمبلی میں اپنا استعفیٰ جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی آدمی ہوں اس سےبڑی سیاست کروں گا،رابطہ کمیٹی کےاراکان میرے دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استعفیٰ 15 دن پہلے پارٹی کو پیش کیا تھا،آج قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیا ہے جو اسپیکر قومی اسمبلی کوپیش کرنے آیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کل کروں گا،میری پارٹی میں ابھی بھی بہت لوگوں سےدوستی ہے،کسی سےکوئی اختلاف نہیں۔دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نبیل گبول نے ذاتی مصروفیات کی بناء پر اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے۔