24 فروری ، 2015
لندن.........وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکا کہنا ہے کہ دہشت گردی کو اسلام کے ساتھ نہیں جوڑا جاسکتا، دہشت گرد انتہا پسندوں کا ایجنڈا اُجاگر کرتے ہیں اور اسلام کی جنگ کا تاثر دیتے ہیں۔ لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ 60سے زائد ممالک نے واشنگٹن اجلاس میں شرکت کی، جس میں اتفاق رائے سے قرارداد منظور کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 50ہزار سے زائد لوگ دہشت گردی کا شکار ہوچکے ہیں، بین الاقومی طورپر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات ہونے چاہئیں۔ چوہدری نثار کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام فوبیا کو ہوا دینے والے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی راہ میں رکاوٹ ہیں، اس وقت دنیا بھر کی امت مسلمہ سے ہم آہنگی ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان اب حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں۔