27 فروری ، 2015
بارسلونا........شفقت علی رضا........ اسپین کے صدر ماریانو راخوئی نے قومی اسمبلی میں قوم سے خطاب کے دوران ’’ فیملی چیک‘‘ اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت زیادہ افراد پر مشتمل خاندان یا گھر کے کسی فرد کی معذوری کے باعث ہر خاندان کو سالانہ 1200 یورو حکومتی امداد دی جائے گی۔ یہ امداد اس خاندان کو بھی دی جائے گی جس میں گھر کا سربراہ ایک فرد اور 2 بچوں پر مشتمل ہو گا۔ اس صورت میں یہ امداد بچوں کے 21 سال تک اور بچوں کے تعلیم حاصل کرنے کی صورت میں 25 سال کی عمر تک پہنچنے تک جاری رہے گی۔ حکومت کے مطابق اس اسکیم سے 10لاکھ افراد فائدہ اٹھائیں گے۔ اس اسکیم میں 2002ء سےاب تک کی ان مائوں کو بھی شامل کیا جائے گا جن کے بچوں کی عمر 3 سال سے کم ہے اور وہ ملازمت کر رہی ہیں۔ ہسپانوی صدر نے اپنے خطاب کے دوران مالی بحران کا شکار خاندانوں کو اپنا قرضہ ’’ری شیڈیول‘‘ کروانے کی سہولت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس سلسلے میں آرڈیننس جاری کریں گے جس کے بعد مالی بحران کا شکار خاندان اپنے مالیاتی اداروں اور بینکوں کے ساتھ اپنے قرضوں کو ری شیڈیول کر سکیں گے۔ اس سے قبل یہ سہولت چھوٹے کاروباری افراد کو حاصل تھی۔