02 مئی ، 2012
کراچی …مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ وزیر اطلاعت سندھ شازیہ مری پیر پگارا کی شان میں گستاخی پر معافی مانگیں اور ماروی راشدی سے رکھے گئے رویے کی تلافی کریں ورنہ مسلم لیگ فنکشنل حکومت سے علیحدہ ہو سکتی ہے۔ یہ بات انھوں نے اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ فنکشنل کے صوبائی عہدیداروں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں فاقی وزریر خدا بخش راجڑ، مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے چیف آرگنائزر کاشف نظامانی، رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی، ماروی راشدی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ ہم وزیر اطلاعت سندھ شازیہ مری کی جانب سے حروں کے روحانی پیشوہ پیر صاحب پگارا سے متعلق ریمارکس اور ماروی راشدی سے رکھے گئے رویہ کی مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت کا رویہ صدر آصف علی زرداری کی مفاہت کی پالیسی کے برعکس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم خود پیر پگا کے پاس چل کر گئے تھے، ہم مفاہمت کو مد نظر رکھتے ہوئے سب سے آخر میں حکومت میں شامل ہوئے۔امتیاز شیخ نے کہا کہ مفاہمت کو ہماری کمزورری سمجھا گیا، حکومتی معاملات میں ہمارے وزراء کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا، اور وزراء کو اپنے محکموں میں اختیارات بھی نہیں ہیں۔