پاکستان
02 مئی ، 2012

سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا شدت سے انتظارہے، وزیراعظم

سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا شدت سے انتظارہے، وزیراعظم

اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، آرمی چیف اور ان کا موٴقف ایک ہی ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدودمیں رہیں۔ اسلام آباد میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیا نی کا یہ کہنا درست ہے کہ سب کو آئین کو فالو کرنا چاہئے، آرمی چیف کا بھی وہی موٴقف ہے اور میرا بھی کہ سب ادارے اپنی آئینی حدود میں رہیں تو کوئی تصادم نہیں ہو گا۔ وزیر اعظم نے بڑے اعتماد سے یہ بھی کہا کہ انہیں اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، میں تو تفصیلی فیصلے کا انتظار کررہا ہوں، جنہیں بہت جلدی ہے وہ سوچ رہے ہوں گے کہ انہیں میموکیس میں کس نے پہلے دھکا دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ میں 3 نئے ججز کے تقرر کا معاملہ وزارت قانون دیکھے گی، امریکا کے ساتھ بات چیت کا ابھی آغاز ہونا باقی ہے ، مارک گراسمین کے حالیہ دورہ پاکستان کی ناکامی کا تاثر قبل از وقت ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم گیلانی نے پاک بھارت اسکاوٴٹس انٹی گریشن تقریب میں شرکت کی جس میں بھارتی ہائی کمشنر شرت سبر وال بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت سمیت تمام ملکوں کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کے خواہاں ہیں اور بھارت سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں۔

مزید خبریں :