پاکستان
11 جنوری ، 2012

آئی ایس پی آر نے وزیراعظم کے الزامات کو سنگین قرار دے دیا

آئی ایس پی آر نے وزیراعظم کے الزامات کو سنگین قرار دے دیا

راولپنڈی … پاک فوج نے وزیراعظم گیلانی کے آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف سے متعلق بیانات کو سنگین قرار دے دیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے جنرل کیانی اور جنرل پاشا پر لگائے گئے الزامات سنگین نوعیت کے ہیں اور دونوں افسران پر ان سے زیادہ سنگین الزامات نہیں ہوسکتے، جن کے گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ وزیراعظم نے آرمی چیف اور سربراہ آئی ایس آئی سے متعلق اس وقت انٹرویو دیا جب جنرل کیانی چین کے دورے پر تھے۔ وزیراعظم گیلانی نے آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف کے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے بیانات کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ دونوں افسران پر آئین سے انحراف کا الزام سنگین نوعیت کا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میمو کیس میں سپریم کورٹ کے کہنے پر آرمی چیف جنرل کیانی اور آئی ایس آئی چیف جنرل پاشا نے حقائق بتائے۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ آرمی چیف اور سربراہ آئی ایس آئی کے بیانات سپریم کورٹ میں براہ راست نہیں تھرو پراپر چینل جمع کرائے گئے جو اٹارنی جنرل کے ذریعے جمع کرائے گئے تھے۔ سپریم کورٹ کو خط بھجوایا گیا جس میں بتایا گیا کہ وزارت دفاع کے ذریعے جوابات جمع کرائے جارہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم گیلانی نے 16 دسمبر کو کہا کہ بیانات قانون کے مطابق اور مروجہ طریقہ کار کے تحت دیئے گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میمو کیس قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ سپریم کورٹ کو کرنا ہے۔

مزید خبریں :