04 مارچ ، 2015
واشنگٹن ......امریکاکے صدر براک اوبامانے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو امریکی کانگریس سے خطاب میں ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کیلئے کوئی قابلِ عمل متبادل نہیں دے پائے ہیں۔صدر اوباما نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو کی تقریر پر رد عمل میں کہا کہ مجھے اُن کی تقریر سننے کا موقع نہیں ملا ،تاہم اس کا متن دیکھنے کا موقع ملا ہے، جہاں تک میں بتا سکتا ہوں وہ یہ ہے کہ اس میں کوئی نئی بات نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ وہ نتن یاہو کے اس بیان سے اتفاق کرتے ہیں کہ اسرائیل اور امریکا کا تعلق ٹوٹ نہیں سکتا اور اس پر بھی کہ خطے میں ایران کی سرگرمیاں امریکا اور اسرائیل کے مفادات کیخلاف ہیں۔نتن یاہو نے منگل کو امریکی کانگریس سے متنازع خطاب میں خبردار کیا تھا کہ ایران ،پوری دنیا کو درپیش ایک خطرہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر مجوزہ معاہدہ اس کی جوہری سرگرمیاں روکنے کی بجائے جوہری بم کے حصول کی راہ ہموار کر دیگا۔