05 مارچ ، 2015
کراچی........الخدمت کراچی کے تحت کراچی کی بڑی لائبریریوں میں پروفیشنل کتابوں کی فراہمی کا آغاز کیا جا رہا ہے،22ٹن وزن پر مشتمل ہزاروںپروفیشنل کتابوں کا تحفہ بیرون ملک سے آئے ہوئے سماجی شخصیت محمد اعظم نے الخدمت کے حوالے کیا۔ کتابوں میں تاریخ اسلام، میڈیکل،انجینئرنگ،صحافت،وکالت اور معلومات عامہ کی نایاب کتابیں شامل ہے۔اسی اثناء میں الخدمت کراچی کے جنرل سیکرٹری انجینئر عبدالعزیز، سماجی شخصیت محمد اعظم، الخدمت کے سینئر منیجر منظر عالم نے فاران کلب مولانا محمد علی جوہر لائبریری کا دورہ کیا۔لائبریری کے انچارج عابد اقبال نے لائبریری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔لائبریری کے دورے کے موقع پر محمد اعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں نوجوان نسل کتابوں سے دور ہوتی جا رہی ہیں،کتابوں کا مطالعہ انسان کی سوچ کو بڑھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتابوں کا مطالعہ ہی انسان کی شخصیت کو نکھارتا ہے، دنیا کی بڑی بڑی شخصیات نے اس مطالعہ سے ہی اپنا لوہا منوایا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم کس طرح اپنی آنے والی نسلوں کو اس بات کی آگہی و شعور دیں۔اس موقع پر الخدمت کراچی کے جنرل سیکر ٹری انجینئر عبدالعزیز نے کہا کہ ہمیںکتابوں سے محبت کے سبق کا پرچار کرنا ہوگا، یہ ذمہ داری اسکول،کالج، یونیوورسٹی کے اساتذہ کی ہے کہ وہ طلباء طالبات کو اس سبق سے آشنا کریں تاکہ آنے والی نسلیں کتابوں کی محبت سے سرشار ہو۔ انجینئر عبدالعزیز نے محمد اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پروفیسر جان عالم ،اشرف الحق ،محمد زبیر و دیگر بھی موجود تھے ۔