09 مارچ ، 2015
کوئٹہ .......ملک بلکہ دنیا بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی عالمی یوم خواتین جوش و خروش طریقے سے منایاگیا،نیشنل پارٹی کے زیراہتمام خواتین کنونشن منعقد ہوا تو دوسری جانب اکادمی ادبیات کے زیراہتمام دن کی مناسبت سے مشاعرے کا اہتمام بھی کیاگیا۔کوئٹہ آفیسر کلب میں خواتین کےعالمی دن کے موقع پر نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام خواتین کنونشن کاانعقاد کیا گیا،تقریب میں وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزراء،مختلف شعبہ ہائےزندگی سے تعلق رکھنےوالی خواتین اور سول سوسائٹی کےنمائندوں نے شرکت کی ۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہمیں اپنی روایات کاازسرنو جائزہ لینا ہوگا اور جو روایات 21ویں صدی کےتقاضوں کے مطابق نہیں ہیں انہیں ترک کردینا چاہئے،انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو والدین اپنے بچیوں کو اسکول میں داخل نہیں کراتے تھے وہ آج خود اسکول پہنچاتے ہیں،صوبے میں بچیوں کی کم عمری کی شادی سے ممانعت کا بل تیار ہوگیاہےجلد اسمبلی میں پیش کر دیا جائےگا، صوبائی کابینہ میں کسی خاتون کی نمائندگی کا نہ ہونا بدقسمتی ہے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ میری خواتین سے اپیل ہے کہ وہ نقل اور منشیات کی روک تھام اور اسکول بھرو تحریک میں ہمارا ساتھ دیں۔ کوئٹہ میں اکادمی ادبیات کے زیراہتمام خواتین کے دن کی مناسبت سے مشاعرے کا اہتمام بھی کیاگیا۔