09 مارچ ، 2015
لاہور........وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خواتین کو دنیا کے ہم پلہ بنانے کے لئے پالیسی بنائی جائے گی۔ پاکستان کا سوفٹ امیج دکھانے کے لئے اسکولز، کالجز اور مدارس کے نصاب میں تحمل اور روادری پر مبنی مواد شامل کیا جائے گا۔خواتین کے عالمی دن پر لاہور میں ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ایوان اقبال میںتقریب منعقد کی گئی۔اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تعلیم سمیت ہر میدان میں طالبات مردوں سے کہیں آگے نکل گئی ہیں۔ اسلامی ممالک میں اسکارف کے باوجود ہر شعبے میں خواتین کام کر رہی ہیں انھوں نے اپنے ملکوں کی تاریخ ہی بد ڈالی ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام کا لبادہ اوڑھ کر بے گناہ افراد کو مارا جارہا ہے ، اسلامی ممالک کو بدنام کیا جارہا ہے۔ انتہا پسندی اور شدت پسندی کا خاتمہ کرنا ہو گا۔تقریب میں غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی۔ لاہور کالج ویمن یونیورسٹی کی طالبات نے معاشرے میں خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کے بارے میں خاکے پیش کئے۔تقریب میں منیزہ ہاشمی نے فیض احمد فیض کی نظم پیش کی، شبنم مجید نے نغمہ پیش کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی نمایاں خواتین کا تعارف بھی پیش کیا گیا۔